نئی دہلی، 2؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)2008 کے بنگلورو سیریل دھماکہ معاملے کے مرکزی ملزم عبدالناصر مدنی کو سپریم کورٹ سے راحت نہیں ملی- سپریم کورٹ نے جمعہ کو بنگلور وسے کیرلا منتقل کرنے کی درخواست خارج کردی- دراصل مدنی کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل پرشانت بھوشن نے عدالت کو بتایا کہ بنگلور میں نگرانی میں رہنے کے بجائے انہیں ان کی آبائی ریاست کیرلا منتقل کیا جائے- مدنی کو کیرلا میں انہی شرطوں پر رکھا جا سکتا ہے-
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کیرلا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے رہنما عبدالنذیر مدنی کو جو2008کے بنگلور وکے سیریل بم دھماکوں میں مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں، ایک خطرناک شخص قرار دیا تھا-عدالت نے یہ تبصرہ اپریل میں مدنی کی ایک درخواست کی سماعت کے دوران کیا- پی ڈی پی لیڈر نے کیرلا جانے کی اجازت دینے اور مقدمے کی سماعت مکمل ہونے تک کیرلا میں رہنے کی اجازت طلب کی تھی -
جولائی2008میں بنگلور وکو ہلا دینے والے سیریل بم دھماکہ معاملے میں مدنی ملزم ہیں - اس واقعے میں دو افراد جاں بحق اور20دیگر زخمی ہوئے تھے-